,
Time 12 ستمبر ، 2022
پاکستان

لندن سے چوری کارکیس کے ملزم کی حفاظتی ضمانت منسوخی کیخلاف کسٹمز کی درخواست مسترد

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

لاہور ہائی کورٹ نے لندن سے چوری ہونے والی کار کی کراچی سے برآمدگی کےکیس میں ملزم نوید یامین کی حفاظتی ضمانت منسوخی کے خلاف کسٹمز کی درخواست خارج کر دی ۔

لاہور ہائی کورٹ نے کراچی کسٹمز کے افسر کی درخواست پر فیصلہ سنایا، کسٹمز افسرکا مؤقف تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ملزم نوید یامین کی 15ستمبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی حالانکہ ملزم اس سے قبل حیدآباد کی عدالت سے بھی حفاظتی ضمانت لے چکا ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملزم نے متعلقہ عدالت میں سرنڈر کیے بغیر ہائی کورٹ سے ضمانت لی، لہٰذا ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے، ملزم پر لندن سے گاڑی چوری کرکے کراچی منتقل کرنے کا الزام ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کسٹم انفورسمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی تحویل میں لی تھی جس کے متعلق انکشاف ہوا تھا کہ وہ گاڑی لندن سے چور ی ہوئی تھی۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق  برآمدکی گئی کار انٹرنیشنل ریکٹ کے ذریعے پہلے کسی اور ملک پہنچی اور پھر دوسرے ملک سےکراچی پہنچائی گئی۔

کسٹمز ذرائع کا کہنا  تھا کہ گاڑی 2019-2020 میں جعلی کاغذات پر کراچی لائی گئی، گاڑی ایک مشرقی یورپی ملک کے سفیرکے نام پرامپورٹ ہوئی، سفارتی حلقوں میں پتا چلا تو اس ملک نے اپنا سفیر واپس بلوایا اور اس کی جگہ پر خاتون سفیرکا تقرر کیا گیا۔

کسٹمز ذرائع نے بتایا کہ لندن پولیس کو اس گاڑی کی کراچی میں موجودگی کا پتا چلا تو پولیس نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو اطلاع دی، نیشنل کرائم ایجنسی نے کسٹمز کو ڈیفنس میں اس گاڑی کی موجودگی کا بتایا، کسٹمز نے اس اطلاع کی اپنے مخبر کے ذریعے تصدیق کی اور  پھرکارروائی کی۔

کیس کی تحقیقات کے دوران گاڑی بیچنے والے ملزم نوید یامین کے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مختلف اقسام کے 24 ہتھیار برآمد کرلیے، پولیس کے سامنے 21 ہتھیاروں کے لائسنس پیش کیے گئے تاہم دیگر 3 کے پیش نہ کیے جاسکے۔

ملزم نوید یامین کے خلاف کراچی اور حیدرآباد میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

مزید خبریں :