19 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے پاک بھارت دو طرفہ سیریز سے متعلق بات کی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذاکر خان نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے بھارت کے ساتھ کبھی کھیلنے سے منع نہیں کیا، ذاتی حیثیت سے بھارتی بورڈ کے حکام سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے مضبوط مؤقف کے بعد بڑی ٹیمیں پاکستان کا رخ کرنے لگی ہیں، آسٹریلیا کے دورے اور انگلینڈ کی آمد سے 2 میگا ایونٹس کی میزبانی کی راہ ہموار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2023 میں ایشیا کپ اور 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے میں مشکل نہیں ہوگی، امید ہے آئندہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔
ذاکر خان کے مطابق پی سی بی نے اس مشکل وقت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجاگراؤنڈ کی اپ گریڈیشن پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔