14 اکتوبر ، 2022
سندھ ہائیکورٹ نے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان انتظار حسین کیس میں نامزد ملزمان کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 6 ملزمان کو بری اور 2 ملزمان کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں انتظار حسین قتل کیس میں نامزد پولیس اہلکاروں کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے نوجوان انتظار کے قتل کیس میں سزا کے خلاف ملزمان کی اپیلیں منظورکرلیں۔
اس سے قبل عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے طارق رحیم، طارق محمود، اظہر احسن، شاہد عثمان، فواد خان اور غلام عباس کو بری کردیا جبکہ دو پولیس اہلکاروں دانیال اور بلال کی موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔
عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردیں اور عمر قید والے ملزمان پر 10، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
خیال رہے کہ 19سال کےنوجوان انتظار کو درخشاں تھانے کی حدود میں واقعہ 13جنوری 2018 اے سی ایل سی کے اہلکاروں اور افسران نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
مقتول کے والد اشتیاق احمد کی مدعیت میں مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کیاگیا تھا۔