20 اکتوبر ، 2022
لاہور: بھارتی ریاست بہار میں سرکاری ایوانوں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب 3 اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں ساتویں جماعت کے امتحان میں سوشل سائنس کے پرچے میں کشمیر کو الگ ملک قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بہار ایجوکیشن پراجیکٹ کونسل کے زیراہتمام 3 اضلاع اراریا، کشن گنج اورکٹیہار میں ساتویں جماعت کے سالانہ امتحان کے سوشل سائنس پرچے میں ایک سوال پوچھا گیا کہ’ مندرجہ ذیل ممالک میں رہنے والے عوام کو کس نام سے پکارا جاتا ہے، نیپال، برطانیہ، کشمیر اور بھارت؟‘۔
بہار میں بی جے پی کے لیڈروں نے اس حوالے سے آسمان سر پر اٹھا لیا ہے اور کہا کہ بہار حکومت نے جان بوجھ کر کشمیر کو بھارت اور نیپال کی طرح الگ ملک قرار دیا ہے ۔
دوسری جانب بہار کے وزیر تعلیم چندر شیکھر سنگھ نے اسے انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں نریندر مودی نے پاکستان کے شہر ٹیکسلا کو بہار کا شہر قرار دیا تھا تو اس وقت بی جے پی کے لیڈر خاموش کیوں رہے تھے جب کہ وہ بھی ایک غلطی ہی تھی۔
دریں اثنا بہار ایجوکیشن پراجیکٹ کونسل نے پرچہ ترتیب دینے والے کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔