کھیل
Time 31 اکتوبر ، 2022

کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر ہوٹل انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا

ویرات کوہلی نے آج ایک ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی— فوٹو: فائل
ویرات کوہلی نے آج ایک ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی— فوٹو: فائل 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا میں موجود بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد ہوٹل انتظامیہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے آج ایک ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی بلکہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ملی ہے اور یہ اس وقت بنائی گئی جب وہ کمرے میں موجود نہیں تھے۔

کوہلی کی نشاندہی پر ہوٹل انتظامیہ کی سکیورٹی پر سوال اٹھایا جارہا تھا تاہم اب انہوں نے اپنا مؤقف جاری کیا ہے۔

ہوٹل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویرات کوہلی کے کمرے کے اندر کی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر ڈالنے والے افراد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے ویرات کوہلی کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل ہونے کے معاملے پر معذرت کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمرے کی اوریجنل ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ڈیلیٹ کردی گئی تھی جبکہ ہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان سے بھی معذرت کی جاسکے اور تحقیقات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جاسکے۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اب پرتھ سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ اپنا اگلا میچ بنگلادیش کیخلاف کھیلے گی۔


مزید خبریں :