04 نومبر ، 2022
محکمہ ریلویز نے بلوچستان میں ڈھائی ماہ سے رکا ہوا ریل کا پہیہ 20 نومبر سے چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
بلوچستان میں مون سون بارشوں کے آخری اسپیل کے دوران آنے والے سیلابی ریلوں سے سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر 100 کلومیٹر ٹریک متاثر ہونے کی وجہ سے کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس ڈھائی ماہ بند رہی اب محکمہ ریلویز نے پشاورسے مچھ تک جعفر ایکسپریس کی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ریلوے ٹریک کے ساتھ ہی درہ بولان میں ہرک کے مقام پر انگریز دور کا بنا ہوا 130 سالہ پرانا پل بھی گر گیا تھا جس کی مرمت کا کام این ایل سی کی نگرانی میں آئندہ سال جنوری تک مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد اندورن ملک سے ٹرینوں کی آمد ورفت کوئٹہ تک بحال ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ ریلویز کی جانب سے پشاور سے مچھ تک جعفر ایکسپریس کو 10 نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اب یہ تاریخ 20 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے اور اب محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ پشاور تا مچھ ریلوے سروس 20 نومبر سے بحال کی جائے گی۔