29 اکتوبر ، 2022
سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر سیلاب سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل ہوگیا، محکمہ ریلوے نے جعفر ایکسپریس کو 10 نومبر سے پشاور سے مچھ تک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ریلوے حکام کے مطابق رواں سال 20 اگست سے بلوچستان کے اضلاع سبی، نصیرآباد اور جعفرآباد میں آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر 100 کلومیٹر ٹریک بری طرح متاثر ہوا تھا۔
ریلوے کے عملے نے دو ماہ کی کوششوں کے بعد سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
محکم ریلوے کی جانب سے گزشتہ روز ریلوے ٹریک کی مرمت کا جائزہ لینے کیلئے جیکب آباد سے چلائی گئی مال بردار ٹرین سبی پہنچ گئی جس سے ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد بلوچستان سے اندورن ملک کیلئے ٹرینوں کی بحالی کا امکان روشن ہوگیا ہے۔
ریلوے حکام نے پشاور جانے کیلئے جعفر ایکسپریس کو 10 نومبر سے مچھ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جعفرایکسپریس کے بعد کراچی سے بولان میل کو بھی مچھ تک چلایا جائے گا تاہم ہرک پل کی تعمیر مکمل ہونے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس بحال ہوسکے گی۔