04 نومبر ، 2022
ترکیہ سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے قد آور خاتون رومیسہ نے بالآخر اپنی زندگی کا پہلا جہاز کا سفر کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق7 فٹ اور 0.7 انچ کی قد آور خاتون رومیسہ نے ستمبر کے آخر میں ترکش ائیرلائن کے ذریعے استنبول سے سان فرانسسکو کی 13 گھنٹے کی طویل فلائٹ مکمل کی۔انہوں نے زندگی میں پہلی بار جہاز کا سفر کیا۔
25 سالہ رومیسہ کو ویور سینڈروم(Weaver syndrome ) ہے اس عمل میں قد بہت تیزی سے بڑھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق وہ اس وقت دنیا کی طویل القامت خاتون ہیں۔
انسٹاگرام پر رومیسہ نے اپنے پہلے فضائی سفر کی تصاویر اور تجربہ شیئر کیا، جس میں انہوں نے ترکش ائیرلائن اور ان کے اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا پہلا سفر ضرور تھا لیکن آخری نہیں۔
رپورٹس کے مطابق ترکش ائیرلائن نے رومیسہ کے لیے خصوصی طور پر 6 سیٹوں کی مدد سے ایک اسٹریچر بنایا تاکہ وہ آسانی سے لیٹ کر سفر کرسکیں۔
رومیسہ نے2014 میں دنیا کی قد آور ٹین ایجر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اکتوبر 2021 میں دنیا کی طویل القامت خاتون کا گنیز ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
اپنے طویل قد کی وجہ سے انہیں چلنے میں دشواری ہوتی ہے اس لیے وہ وہیل چیئر کی مدد لیتی ہیں۔