Time 10 نومبر ، 2022
کھیل

اب بھارت اور انگلینڈ کو فکر ہوگی کہ فائنل میں ہمارے سامنے کیا آگیا: چیف سلیکٹر

مجھے شروع سے یقین تھا کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی اور دیکھیں اب ہم فائنل میں ہیں: محمد وسیم—فوٹو: فائل
مجھے شروع سے یقین تھا کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی اور دیکھیں اب ہم فائنل میں ہیں: محمد وسیم—فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پاکستان کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ پاکستان کا فائنل کس ٹیم کے ساتھ دیکھنا چاہیں گے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا 'مجھے شروع سے یقین تھا کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی اور دیکھیں اب ہم فائنل میں ہیں، اوپنرز نے ٹھیک وقت پر پرفارم کیا اور یہی چیز فائنل میں کام آئے گی'۔

محمد وسیم نے کہا 'جن بڑی ٹیموں کے اوپنرز کی مثالیں ہمارے یہاں دی جاتی ہیں ان سب نے اس ٹورنامنٹ میں مشکلات کا سامنا کیا کیونکہ کنڈیشنز ان کے حق میں نہیں تھیں، سب کو نئی بال کا سامنا کرتے وقت پریشانی ہوئی'۔

انہوں نے کہا 'ہم فائنل چاہے جس سے مرضی کھیلیں، جیت ہماری ہوگی، دونوں ٹیموں کو ہم نے حال ہی میں ہرایا ہے، اگر ہم مزیدار فائنل دیکھنا چاہتے ہیں پھر تو بھارت کو ہی مدمقابل آنا چاہیے'۔

چیف سلیکٹر نے مزید کہا 'اصل میں تو ہمیں نہیں بلکہ ان دونوں ٹیموں کو فکر ہوگی کہ فائنل میں یہ کیا سامنے آگیا'۔

واضح رہے کہ پاکستان کا فائنل آج انگلینڈ اور بھارت کے درمیان فاتح ٹیم اتوار 13 نومبر کو ہوگا۔

مزید خبریں :