13 نومبر ، 2022
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے حوالے سے کہا ہے کہ 30 سال اس دن کا انتظار کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل آج میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے اور آج کے میچ کے حوالے سے شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاستدان اور سفیر بھی بہت پرجوش ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بیسٹ آف لک، بابر اعظم، ہم آپ پر اعتماد کر رہے ہیں، ورلڈ کپ گھرلے آئیں، پاکستان زندہ باد۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے اپنے بیان میں کہا کہ میلبرن میں آج تاریخ خود کو دہرا رہی ہے، اس دن کے لیے 30 سال کا انتظار کیا۔
کرسچن ٹرنر نے کہا کہ انگلینڈ کی بیٹنگ اور پاکستان کی بولنگ دنیا بھر میں لاجواب ہے، پاکستان اور انگلینڈ کی دوستی بھی بے مثال ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ میرا دل انگلینڈ کے لیے دھڑکتا ہے لیکن پاکستان نے 92 کی تاریخ دہرائی تو دل دل پاکستان ضرور گنگناؤں گا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کو پیغام ہے کہ اچھا کھیلنا۔