Time 14 نومبر ، 2022
پاکستان

بلدیاتی الیکشن کیلئے جب ضرورت ہو نفری فراہم کردینگے: سندھ رینجرز کی عدالت میں رپورٹ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواست کی سماعت میں پولیس اور  رینجرز کی نفری سے متعلق جمع رپورٹ کی کاپی جیو نیوز کو موصول ہوگئی، رینجرز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے 4 ہزار اہلکاروں کی ضرورت ہوتی ہے، جب ضرورت ہوگی نفری فراہم کردی جائےگی۔

رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کے پاس ایک لاکھ 18 ہزار 858 اہلکار ہیں، کراچی رینج میں 40 ہزار 157 پولیس اہلکار ہیں، حیدرآباد  رینج میں 19 ہزار 335 اہلکاروں کی نفری ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ سیلاب کے باعث 18 ہزار 410 اضافی اہلکار مختلف اضلاع کو فراہم کیے گئے، اضافی 33 ایس ایس پیز، 68 ڈی ایس پیز  اور 7 ہزار 305 پولیس اہلکار سیلاب زدہ اضلاع کو فراہم کیےگئے ہیں، کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو سکیورٹی فراہم نہیں کی جاسکتی۔

سندھ رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ  رینجرز کے پاس 24 ہزار  920 اہلکار ہیں، 10 ہزار 6 رینجرز  اہلکار اسلام آباد میں خصوصی ڈیوٹی دینے گئے ہیں، 14 ہزار سے زائد رینجرز  اہلکار کراچی ڈویژن میں تعینات ہیں، 9ہزار  رینجرز  اہلکار اندرونی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ  حیدرآباد ڈویژن میں 1500 سے زائد رینجرز  اہلکار  تعینات ہیں۔

سندھ رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے 4 ہزار  اہلکاروں کی ضرورت ہوتی ہے، رینجرز کی نفری جب ضرورت ہوگی فراہم کردی جائےگی۔

مزید خبریں :