Time 17 نومبر ، 2022
پاکستان

جامعہ کراچی خودکش حملہ کیس: عدالت نے 6 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نےکراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملہ کیس میں مفرور 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پرخودکش حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی،کیس میں خودکش حملہ آور شاری بلوچ کےشوہر ہیبتان بلوچ سمیت 6 ملزمان مفرور ہیں، دیگر مفرور ملزمان میں بشیر زیب ،رحمان گل، خلیل عرف واجہ، ترجمان کالعدم بی ایل اے میر سفیرشامل ہیں، کیس میں ایک ملزم داد بخش گرفتار ہے۔

داد بخش کو چار جولائی 2022 کو مچھلی چوک ہاکس بے سےگرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کا شوہر اس کی کالعدم تنظیم میں شمولیت اور ذہن سازی میں ملوث ہے جب کہ ملزم داد بخش ریکی کرکے معلومات خلیل، ڈاکٹر ہیبتان بلوچ  اور  بشیر زیب کو فراہم کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم داد بخش نے اپنے شریک ملزم ناصر کے ساتھ چائنیز نیشنلز کو نشانہ بنانے کے انکشافات کیے ہیں، بیشتر مفرور ملزمان افغانستان میں روپوش ہوکر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

 عدالت نے 6 مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

مزید خبریں :