17 نومبر ، 2022
ٹیسٹ کرکٹر امام الحق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں انہیں ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کھیلنے کا زیادہ مزہ آتا ہے ۔
16 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے جیو نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم کو بحال رکھنے کے لیے کوشاں ہوں ، ٹیسٹ میچز وقفے کے بعد ہوتے ہیں ، اس لیے نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنا پڑتا ہے ، ٹیسٹ سیریز سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینا اچھا ثابت ہو رہا ہے ، اس سے تسلسل برقرار رکھنے کا موقع ملتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیلنا تھوڑا مشکل ضرور ہوتا ہے ، جسمانی اور دماغی طور پر خود کو تازہ دم رکھنا پڑتا ہے ، اور یہ آپ کرکٹ کھیل کر ہی کرسکتے ہیں ۔
امام الحق نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر اچھی ٹیموں کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز کا منتظر ہوں ، ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے ٹی ٹوئنٹی سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مزہ آتا ہے ، ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم سیریز ہیں ، ہم تین چار ٹیسٹ میچز جیت کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فل اسٹرنتھ کے ساتھ پاکستان آئیں گی ، آسٹریلوی ٹیم بھی فل اسٹرنتھ آئی ، بڑی ٹیموں کا آنا پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا ہے ، آخری مرتبہ جب انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئی تھی تو میں اسکول بوائے کی حیثیت سے دیکھنے آیا تھا ، اب بھی اسکولوں کے بچے بڑے بڑے پلیئرز کو دیکھیں گے تو ان میں کھیلنے کا شوق پیدا ہو گا۔