19 نومبر ، 2022
معروف فیشن ڈیزائنرمحمود بھٹی انصاف نہ ملنےپر مایوس ہو گئے اور انہوں نے ستارہ امتیاز اور اعزازی قونصل جنرل کا عہدہ واپس کرنے کا اعلان کر دیا۔
محمود بھٹی لاہور کی سول اور سیشن عدالتوں میں پیش ہوئے۔ انہوں نے لاہور کی سول عدالت میں اپنے بھائی سینیئر وکیل منیر بھٹی کے خلاف جعلسازی سے یتیم خانے کے لیے مختص اراضی اپنی بیوی کے نام کرانے کے الزام میں دعویٰ دائر کر رکھا ہے جبکہ سیشن عدالت میں وہ اپنے خلاف ہتک عزت کے 2دعوؤں میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل سیشن جج حمیرا الزہرا کی عدالت میں محمود بھٹی نے مؤقف اختیارکیا کہ یتیم خانےکیلئے مختص زمین ان کے بھائی منیربھٹی نے اپنےاوراپنی بیوی کےنام منتقل کرالی۔
ایڈیشنل سیشن جج نےریمارکس دیے کہ انہیں تویہ 2 بھائیوں کےجھگڑےکے سوا کچھ نہیں لگ رہا۔
محمود بھٹی نے جواب میں کہا کہ جب انسان مرتا ہے تو کفن پر جیب نہیں ہوتی، اللہ نےکھربوں روپے دیے ہیں لیکن بھائی نے والدہ کی موت کی خبرتک نہیں دی تھی۔
میڈیا سے گفتگو میں محمود بھٹی کا کہناتھا کہ دکھی ہو کر پاکستان میں تمام امدادی سرگرمیاں بند کر رہا ہوں، پیرس میں پاکستان کا اعزازی قونصل جنرل ہوں لیکن اب یہ عہدہ اور ستارہ امتیازبھی واپس کر دوں گا۔
ان کا کہنا تھاکہ 2 سال میں اپنے کیسز پر 2 کروڑ روپے کے اخراجات آچکے ہیں لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی، اپنی آواز عالمی میڈیا پر بھی اٹھاؤں گا اور اگر چیف جسٹس پاکستان نے ایکشن نہ لیا تو بھوک ہڑتال بھی کروں گا۔