کھیل
Time 24 نومبر ، 2022

فیفا کی فٹبالز سیالکوٹ کی ہیں اس لیے ورلڈکپ کا ہر گول، پاکستان کا گول ہے: جرمن سفیر

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں گزشتہ روز جاپان اور جرمنی کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں ایشین سپر پاور جاپان کی ٹیم نے یورپی ہیوی ویٹ اور چار بار ورلڈ چیمپئن رہنے والی ٹیم جرمنی کو اپ سیٹ شکست دی۔

میچ سے قبل پاکستان میں جرمن سفیر  الفریڈ گرانس بھی انتہائی پرجوش نظر آئے جنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں فٹبال بھی کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 ویڈیو میں جرمن سفیر نے کہا کہ ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں جرمنی کے لیے فٹبال ورلڈکپ آج سے شروع ہو رہا ہے، میں مطمئن ہوں کہ ہم زیادہ سے زیادہ گول کریں گے اور ورلڈکپ جیتیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’لیکن ایک بات بہت اہم ہے، وہ یہ کہ اس ورلڈکپ میں جو بھی گول ہوگا وہ پاکستان کا گول ہوگا کیونکہ ورلڈکپ کیلئے استعمال ہونے والی گیند سیالکوٹ پاکستان سے آتی ہے لہٰذا ہر گول ہی پاکستان کا گول ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ ’اپنی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کے طور پر 2014 ورلڈکپ (جو جرمنی نے جیتا تھا) کی گیند کو سفارت خانے میں اس سال کے ماڈل سے تبدیل کردیا ہے‘۔

مزید خبریں :