کھیل
Time 04 دسمبر ، 2022

پہلا ون ڈے: بنگلادیش نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلےکے بعد ایک وکٹ سے شکست دیدی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بنگلادیش نے بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلےکے بعد جیت لیا۔

میرپور میں ہونے والے میچ میں میزبان بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بیٹنگ کے لیے خودکو مضبوط سمجھنے والی بھارتی ٹیم کی بنگلا دیشی بولرز کے آگے ایک نہ چلی اور پوری ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی۔

بھارتی بلے باز کے ایل راہول 73 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کپتان روہت شرما 27 اور ویرات کوہلی صرف 9 رنز ہی بناسکے۔

بھارت نے بڑی مشکل سے 41.2 اوورز میں 186 رنز بنائے، بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 اور عبادت حسین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کے187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن بھی مشکلات کا شکار رہی تاہم آخری وکٹ کی شراکت داری نے پورے میچ کا نقشہ  بدل دیا۔

136 رنز کے اسکور پر 9 وکٹیں گرنےکے بعد مہدی حسن نے مستفیض الرحمان کے ساتھ مل کر فتح بھارت کے ہاتھ سے چھین لی اور بنگلادیش نے 46 ویں اوور میں ہدف پورا کرلیا۔

بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، شکیب الحسن نے 29 اور مشفیق الرحیم نے 18 رنز بنائے جب کہ مہدی حسن  38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

مزید خبریں :