چمن بارڈر پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستانی جرگے کے افغانستان میں مذاکرات کامیاب

کشیدگی ختم کرنے کے لیے امارات اسلامی ٹھوس اقدامات کرے گی: افغان وزارتِ دفاع کے نائب ملا شیرین کی یقین دہانی— فوٹو:فائل
کشیدگی ختم کرنے کے لیے امارات اسلامی ٹھوس اقدامات کرے گی: افغان وزارتِ دفاع کے نائب ملا شیرین کی یقین دہانی— فوٹو:فائل 

چمن بارڈر پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستانی جرگے کے افغانستان میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

چمن بارڈر پر خونریز جھڑپوں کے بعد بارڈر فورسز کے درمیان کشیدگی کےخاتمےکیلئے افغانستان جانے والے امن جرگے نے واپسی پر امن اور دوستی کا پیغام لے ہی آیا۔ 

روایتی جرگہ کی امن کوششوں کا پاک افغان حکام نے خیرمقدم کیا جس کے نتیجے میں باہمی رابطے بحال ہوگئے اور بڑے عرصے بعد افغانستان کی اعلیٰ سول وملٹری حکام پر مشتمل وفد باب دوستی آیا اور اعلیٰ پاکستانی سول ملٹری حکام کے ساتھ طویل بارڈر فلیگ میٹنگ میں شرکت کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ خوشگوار ماحول میں باہمی مسائل پر بات چیت کی گئی جس میں مصالحاتی جرگے کی امن کوششوں کوسراہا گیا اور مستقبل میں قبائلی جرگے کی خدمات حل طلب شہری اور تجارتی مسائل کیلئے بروئےکارلانے پر اتفاق کیا گیا۔

فلیگ میٹنگ کےآغاز پرکراس بارڈر فائرنگ میں شہید افراد کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

افغان وفد نے افغانستان کیلئے پاکستانی عوام اور فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے گزشتہ دنوں کراس بارڈر فائرسے چمن میں شہری آبادی کے جانی اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اجلاس میں سرحدی مسائل اور فورسز کے مابین کسی بھی تنازع کو جنگ سے نہیں بلکہ باہمی رابطوں، بات چیت اور مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر میزبان پاکستانی وفد نے مہمان افغان وفد کے سول اور ملٹری حکام کو روایتی پشتون پگڑیاں پہنائیں۔

رابطے بحالی کے بعد سے سرحد پر کشیدگی ختم ہوگئی ہے۔

دوسری جانب افغان وزارتِ دفاع کے نائب ملا شیرین نے یقین دلایا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے امارات اسلامی ٹھوس اقدامات کرے گی ۔

مزید خبریں :