26 دسمبر ، 2022
نیوزی لینڈ کے کرکٹر ڈیرل مچل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس متعدد ٹاپ کلاس کرکٹرز ہیں جو نیوزی لینڈ کیلئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں، ماضی میں کیا ہوا یہ نہیں دیکھیں گے، پاکستان کے ساتھ سیریز کیلئے پرجوش ہیں۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں نیوزی لینڈ کی جانب سے 12 ٹیسٹ کھیلنے والے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے کہا کہ بطور گروپ پہلی بار پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کافی پرجوش ہیں، پاکستانی قوم کرکٹ کو کافی پسند کرتی ہے اور نیوزی لینڈ یہاں سیریز کیلئے تیار ہے، امید ہے اچھی کرکٹ ہوگی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی شکست نیوزی لینڈ کو یہاں فیورٹ بناتی ہے تو انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کے پاس ٹاپ کلاس پلیئرز ہیں اور پاکستان کی کنڈیشنز نیوزی لینڈ سے مختلف ہیں جس میں کھیلنا ان کیلئے ایک چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیا دن ہے، نئی سیریز ہے ، ہم پیچھے نہیں دیکھتے اور زیادہ دور کی بھی نہیں سوچتے، ہم پاکستان سے سیریز کیلئے تیار ہیں مگر جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس ایسے پلیئرز ہیں جو بیٹ اور بال سے ہمارے لیے مسئلہ پیدا کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کنڈیشنز ان کنڈیشنز سے بالکل مختلف ہیں جو ان کو نیوزی لینڈ میں ملتی ہیں ، یہاں کافی کم باؤنس ہے ، وکٹ کافی سلو اور پھر میچ آگے جاتا ہے تو ٹرن ملتا ہے،جو کہ ایک اچھا چیلنج ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا اصل مزہ یہی ہے کہ دنیا بھر میں جائیں، مختلف کنڈیشنز اور مختلف ٹیموں کا سامنا کریں اور دنیا کے بہترین پلیئرز کے سامنے خود کو دیکھیں اور وہ اس چیلنج کیلئے تیار ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی ٹیم کیلئے کردار ادا کریں اور ٹیم ٹیسٹ سیریز جیتے کیوں کہ ہر کسی کی یہی خواہش اور کوشش ہے کہ اس کے ملک کی ٹیم کامیاب ہو، اگر نیوزی لینڈ نے تسلسل سے اچھی کرکٹ کھیلی تو کامیابی ملے گی۔
اپنے ذاتی اہداف پر بات کرتے ہوئے ڈیرل مچل نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ہر رن پر خوش ہوں، زیادہ دور کی بات ذہن میں نہیں رکھتا، نا ماضی کا سوچتا، کوشش ہوگی کہ گیند دیکھوں اور ہر گیند پر اپنا کام ٹھیک طرح نبھاؤ اور یہ کام میں متعدد بار کروں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج 26 دسمبر سے جبکہ دوسرا ٹیسٹ دو جنوری سے کراچی میں ہوگا۔