Time 27 دسمبر ، 2022
کھیل

طبیعت خراب ہونے کے باوجود بیٹنگ کی، فیلڈنگ میں کھڑا نہیں ہوا گیا: سلمان آغا

کراچی : نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ اپنی اننگز کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

سلمان علی آغا نے جیو سے گفتگو میں کہا کہ پہلی انٹرنیشنل سنچری ہمیشہ ہی یادگار ہوتی ہے، ٹیل کے ساتھ بیٹنگ کر رہا تھا، پچھلے میچز میں بھی کی جس سے اندازہ ہوگیا تھا، کوشش تھی کہ خراب بال کا انتظار کروں اور اس پر باؤنڈری لوں، ٹیل کے ساتھ بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوتا، آپ کو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی دیکھنا ہوتا ہے، یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ کس بولر کے سامنے ان کو کھیلنے دیا جاسکتا ہے۔

سلمان آغا نے کہا کہ پہلے بھی ٹیل کے ساتھ بیٹنگ کی ہے جس کی وجہ سے مدد ملی، کل رات سے مجھے بخار تھا، سو نہیں پایا تھا، بیٹنگ میں بھی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، فیلڈنگ میں کھڑا نہیں ہوا گیا، امید ہے کہ کل بہتر محسوس کروں اور  بولنگ بھی کرپاؤں۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ وکٹ ایسی ہے کہ ایک دو وکٹ ملے تو نئے بیٹر کیلئے مسئلہ ہوسکتا ہے، اگر شراکت کو توڑنے میں کامیاب رہے تو ایک دو اور وکٹس جلد مل سکتی ہیں،

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میں پانچویں نمبر پر کھیلتا ہوں، انٹرنیشنل میں ٹیم کی ضرورت دیکھنی ہے، ابھی جہاں ذمہ داری ہے اس کو نبھانے کی کوشش کروں گا، امید ہے کہ آئندہ کے میچز میں اوپر کے نمبر پر بھی بیٹنگ کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ سلمان آغا نے آج ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 103 رنز  بنائے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

طبیعت خراب ہونے کے باوجود بیٹنگ کی، فیلڈنگ میں کھڑا نہیں ہوا گیا: سلمان آغا

کراچی نیشنل بینک ارینا میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 165 رنز بنالیے ہیں اور اسے 273 رنز کا خسارہ ہے۔ ٹام لیتھم 78 اور ڈیون کانوے نے 82 رنز بنائے ہیں۔

مزید خبریں :