27 دسمبر ، 2022
کراچی: نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل کا کہنا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے، اس میں اسپن یا فاسٹ بولرز کیلئے زیادہ کچھ نہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعجاز پٹیل نے کہا کہ آج ہم نے اچھی بولنگ کی جس کی وجہ سے میچ میں ہماری پوزیشن اچھی ہوئی، کل کا دن ہمارے لیے کافی اہم ہے، ابھی یہ نہیں سوچا کہ پاکستان کیخلاف کتنی برتری حاصل کرنی ہے۔
اعجاز پٹیل نے کہا کہ پہلا ہدف تو یہ ہے کہ پاکستان کا اسکور برابر کریں، پھر آگے کا سوچیں، یہ اہم ہے کہ کل وکٹ کیسے رہتی ہے، صبح موسم کی وجہ سے وکٹ پر نمی رہتی ہے، اس سے بولرز کو فائدہ رہتا ہے، صبح کا سیشن اہم ہوتا ہے مگر بعد میں وکٹ خشک ہوجاتی ہے۔
کیوی اسپنر نے کہا کہ اگر کل وکٹ پر کریک آئیں گے تو بولرز کیلئے فرق پڑے گا، ہم نے دونوں دن نئی گیند سے سے شروعات کی تو اس سے فائدہ ہوا تھا، کل بابر اور سرفراز نے کافی اچھی بیٹنگ کی تھی، جب بھی ہم نے لوز بالز کیں، اس کا انہوں نے فائدہ اٹھایا، ہم انہیں زیادہ ڈاٹ بالز نہیں کرپارہے تھے، پریشر ڈالنا مشکل تھا۔
اعجاز پٹیل نے کہا کہ اردو زبان سمجھ آتی ہے اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کیا پلان کر رہے ہیں، ویسے بھی زبان آئے نہ آئے، بطور پلیئر سمجھ آجاتا ہے کہ اگلا پلیئر کیا کرنے والا ہے۔