Time 28 دسمبر ، 2022
پاکستان

گلستان جوہر میں پولیس فائرنگ سے ہلاک عامر حسین کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا

عامر نثار حسین تین سال قبل ڈالمیا میں ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہوا تھا— فوٹو: جیو نیوز
عامر نثار حسین تین سال قبل ڈالمیا میں ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہوا تھا— فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم عامر نثار حسین کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔

عامر نثار حسین تین سال قبل ڈالمیا میں ڈکیتی اور اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر نے 23 نومبر 2018 کو ڈالمیا کی گلی نمبر5 میں دکان پر واردات کی، عامر کو شہزاد کی دکان پر ڈکیتی کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت گرفتار ہونے والے ملزم عامر کے خلاف عزیز  بھٹی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 475/2018 درج کی گئی، عامر کے خلاف دوسرا مقدمہ نمبر 476/2018 غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے پر درج کیا گیا۔

عامر کا کرمنل ریکارڈ آفس ( سی آر او) سے بھی کرمنل ریکارڈ مل گیا ہے، مقدمات میں ملزم ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تین پولیس اہلکاروں نے اشارے پر نہ رکنے کے بعد تعاقب کرکے عامر کو فلیٹ کے اندر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ اس معاملے میں تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

مزید خبریں :