28 دسمبر ، 2022
چین میں کورونا کیسز بڑھنے پر اٹلی نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی کردیے جبکہ امریکا نے بھی چینی مسافروں پر نئی کورونا پابندیاں لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔
اطالوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کو اینٹی جن سواب اور وائرس سیکوئنسنگ کرانی ہوگی، اطالوی آبادی کو وائرس سے بچانے کے لیے کورونا ویریئنٹس کی نگرانی اور جانچ کا یہ اقدام ضروری ہے۔
رپورٹس کے مطابق میلان کے ائیرپورٹ پر بیجنگ اور شنگھائی سے آنے والے مسافروں کی کورونا ٹیسٹنگ 26 دسمبر سے شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکا بھی چین سے آنے والے مسافروں پر نئی کورونا پابندیاں لگانے کے بارے میں غوکر رہا ہے، بیجنگ کی جانب سےاعلان کیا گیا تھا کہ وہ اگلے ماہ سے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول دے گا۔
اس کے علاہ برطانیہ اور جرمنی کا کہنا ہے کہ وہ چین میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن فی الحال چینی مسافروں کے لیے نئی پابندیوں پر غور نہیں کر رہے ہیں۔
بھارت ، جاپان ،ملا ئیشیا، تائیوان پہلے ہی غیر ملکی مسافروں کے لیے کورونا کی نئی پابندیاں لگا چکا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔