Time 29 دسمبر ، 2022
کھیل

کراچی ٹیسٹ: خواہش ہے کہ ہم میچ بچانے کے بجائے نتیجے کی طرف جائیں، ابرار احمد

فوٹو: جیو نیوز فائل
فوٹو: جیو نیوز فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ  خواہش ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ہم میچ بچانے کے  بجائے رزلٹ کی طرف جائیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 77 رنز بنالیے اور اسے 97 رنز کا خسارہ ہے، عبداللہ شفیق 17 اور شان مسعود 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے 438 رنز کے جواب میں  پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، کین ولیمسن کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ  ٹام لیتھم 113 اور ڈیون کونوے 92 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 5 اورنعمان علی نے 3 وکٹیں لی تھیں۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر ابرار احمد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ پر آخری لمحات میں کچھ رف ایریاز ہیں، مجموعی طور پر وکٹ پر اتنا کچھ خاص ٹرن نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ جب وکٹ پر کچھ نہیں مل رہا ہوتا ہے تو غصہ تو آتا ہے، ایسی وکٹ پر ایک جگہ پر بولنگ کرتے ہوئے بیٹر کی غلطی کا انتظار کرنا ہوتا ہے، امید ہے کچھ پچز ایسی ملیں جہاں ہلکی پھلکی مدد بھی ملے۔

ابرار احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اچھی بیٹنگ کریں اور نیوزی لینڈ کو ہدف دیں، خواہش ہے کہ ہم میچ بچانے کے بجائے رزلٹ کی طرف جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی بولنگ کی ورائیٹیز کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

مزید خبریں :