دنیا
Time 29 دسمبر ، 2022

کورونا کے بڑھتے کیسز: امریکا نے چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

چین میں کورونا کیسز بڑھنے پر امریکا نے چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چین کی جانب سے اپنی سرحدیں دوبارہ کھولے جانے کے  اعلان کے بعد بھارت، جاپان ، تائیوان اور اٹلی کے بعد اب امریکا نے بھی چینی مسافروں کے لیے ملک میں داخلے پر کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔ 

3 سال اپنی سرحدی حدود بند رکھنے کے بعد چین نے اعلان کیا تھا کہ 8 جنوری سے چینی شہری بغیر کسی شرائط کے بیرون ملک سفر کرسکیں گے۔

چین کے اعلان کے بعد بیشتر ممالک نے چین میں دوبارہ کورونا کیسز بڑھنے پر چینی  مسافروں کیلئے نئی کورونا پابندیاں لگانا شروع کردی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 5 جنوری سے چین ، ہانگ کانگ اور مکاؤ سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔

امریکی صحت کے مرکز 'سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن  ' کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنےکے لیے کووڈ ٹیسٹنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مزید خبریں :