31 دسمبر ، 2022
چین نے 8 جنوری سے کورونا پابندیاں نرم کرکے تمام بارڈر کھولنے کااعلان کیا ہے جس کے بعد چین میں زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کے معاملے پر عالمی ردعمل بھی سامنے آنے لگا ہے۔
برطانوی محکمہ صحت نے چین سے برطانیہ آنے والی پروازوں کے مسافروں کیلئے کورونا کا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
برطانوی محکمہ صحت کے مطابق 5 جنوری سے چین سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو روانگی سے قبل کیے گئے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانا ہوگی۔
برطانوی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کے مطابق 8 جنوری سے سرویلنس کا آغاز بھی ہوگا اور چین سے آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ سیمپل بھی لیے جائیں گے۔
برطانوی سیکرٹری صحت اسٹیوبارکلے کا کہنا ہے کہ حکومت متوازن اور احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے جبکہ یہ اقدامات عارضی ہیں اور حکام نئے کووڈ ڈیٹا کا جائزہ بھی لیں گے۔