Time 31 دسمبر ، 2022
پاکستان

سال نو کا جشن، سی ویو جانے کیلئے کون سے راستے کھلے رہیں گے؟

فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل اور قتل کے مقدمات کا بھی اندراج کیا جائے گا: ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ/ فوٹو جیو نیوز
 فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل اور قتل کے مقدمات کا بھی اندراج کیا جائے گا: ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ/ فوٹو جیو نیوز

کراچی میں نئے سال کا جشن منانے والوں کیلئے ساحل سمندر  جانے والے راستے کھلے رہیں گے، پیدل اور گاڑیوں میں سی ویو جانے والوں کیلئے راستے محدود کیے گئے ہیں۔

 ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ نے جیو نیوز کو اس بارے میں بتایا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کراچی کی ساؤتھ پولیس کو 9 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ساحل سمندر جانے والے تمام راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، سی ویو کی طرف جانے والے راستے کھلے ہوئے ہیں، یہ صوبائی حکومت کی پالیسی ہے اور پولیس بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

 ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ان کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران انتظامات کی نگرانی کریں گے، ہر سیکٹر میں ایس پی لیول کا افسر سیکٹر کا انچارج ہوگا اور ان کی کمانڈ ایس ایس پی ساؤتھ علی رضا کے پاس ہوگی۔

 انہوں نے بتایا کہ تمام انتظامات، سڑکوں اور تفریحی مقامات کو کنٹرول روم اور آپریشن روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہوگا، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی ویڈیو لینڈ ٹیم بھی پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہے، سی ویو کی طرف ٹریفک کو ون وے کیا جائے گا، شہری خیابان شاہین اور اولڈ کلفٹن کے راستوں سے سی ویو جا سکیں گے۔

 عرفان علی بلوچ  کے مطابق سی ویو کے دونوں سڑکوں کو صرف جانے کے لیے استعمال کیا جائے گا، صبا ایونیو کی طرف سے سی ویو کی طرف جانے والی چھوٹے راستے بند رکھے جائیں گے جبکہ شہری دو دریا کی طرف یا خیابان اتحاد کے راستے سی ویو سے باہر نکل سکیں گے۔

 عرفان علی بلوچ کے مطابق چونکہ وہاں بہت زیادہ رش ہوگا اس لیے پبلک ٹرانسپورٹ اور بڑی گاڑیوں کو بھی محدود کیا گیا ہے، سی ویو کے سروس لین میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، انتظامات میں پوری کوشش کی جارہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور یہ مرحلہ خوش اسلوبی سے گزر جائے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان علی بلوچ نے مزید کہا کہ کنٹرولڈ آتش بازی کی اجازت دی گئی ہے مگر اس دوران دھماکوں کی قطعی اجازت نہیں، سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے، اس سلسلے میں مساجد سے اعلانات کرائے گئے ہیں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے اور مقدمات کے اندراج کا حکم ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پالیسی کلیئر ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدام قتل اور قتل کے مقدمات کا بھی اندراج کیا جائے گا جو بھی مقدمات درج کیے جائیں گے وہ اسٹیٹ کی طرف سے درج کیے جائیں گے جس میں معافی کا عنصر نہیں ہو گا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سال نو کا جشن منائیں۔

مزید خبریں :