04 جنوری ، 2023
نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو اسٹمپڈ کیا تو پہلے یہی لگا تھا کہ آؤٹ نہیں ہے لیکن پھر بڑی اسکرین پر دیکھا تو لگا کہ ان کا پیر ہوا میں ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں جاری ہے، آج کھیل کے تیسرے روز پورا دن بیٹنگ کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹرز پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 449 رنز کو عبور نہ کرسکے۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنالیے ہیں اور اسے پہلی اننگز میں اب بھی 42 رنز کا خسارہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی اننگز میں سرفراز احمد 78 رنز بناکر اسٹمپڈ آؤٹ ہوگئے تھے ،سوشل میڈیا پر ان کے آؤٹ کو متنازع قرار دیا جا رہا ہے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو اسٹمپڈ کیا تو پہلے یہی لگا تھا کہ آؤٹ نہیں ہے لیکن پھر بڑی اسکرین پر دیکھا تو لگا کہ ان کا پیر ہوا میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل اسٹمپنگ تھی،خوش ہوں کہ ایسا اسٹمپڈ کیا۔
ٹام بلنڈل نے کہا کہ سعود شکیل نے زبردست ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا ہے، ان کو آؤٹ کرنا کافی مشکل کام ہے،کل کوشش کریں گے کہ آخری وکٹ لیں اور پھر زیادہ رنز بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی بیٹنگ لائن ہے، کم از کم تین سو کا ہدف دینا چاہیں گے، وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان ہے، کچھ جگہ باؤنس ہے مگر مجموعی بیٹنگ آسان ہے۔
کیوی وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ آخری سیشن میں جو وکٹیں ملی ہیں اس سے ہماری پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو سعود شکیل 124 اور ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔