11 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ امریکا اتحادی سپورٹ فنڈ کے 60 کروڑ ڈالر کے واجبات آئندہ چند ہفتوں میں ادا کرے گا۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات چیت میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ امریکا کے دورے میں ڈھائی ارب ڈالر سے زیادہ کی مالی معاونت کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور امریکای حکام سے مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ امریکا بھاشا ڈیم کی جائزہ رپورٹ کے لیے 20 کروڑ ڈالر دے گا جبکہ اس ڈیم کے لیے امریکا اور ایشیائی بینک کنسورشیم بناسکتے ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ نے بتایا کہ ورلڈ بینک ایک ارب 80 کروڑ ڈالر دینے کے لیے پر عزم ہے اور یہ رقم مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوگی۔ پاکستان اور امریکا کا نجی شعبہ مشترکہ تجارتی حکمت عملی بنا رہا ہے اور اس کے تحت دونوں ملکوں کی تجارتی وفود باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔ اس مشترکہ تجارتی کوشش کے لیے امریکا 8 کروڑ ڈالر دے گا۔