Time 11 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی: پولیس پرحملے میں ملوث 3 ملزمان مقابلےکے بعد زخمی حالت میں گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث 3 ملزمان کو پولیس نے مقابلے میں زخمی کرکےگرفتار کرلیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ضلع کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق 2 جنوری کو سعیدآباد  میں ریپڈ ریسپانس فورس کے ہیڈ کوارٹر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گشت پر مامور  پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی  تھی جس کے نتیجے میں محمد حنیف نامی ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔

فدا حسین جانوری کے مطابق اس سلسلے میں ان کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے آج صبح اتحاد ٹاؤن میں کارروائی کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان عدنان، شہزاد عرف بابل اور یاسر ولد چندن علی زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے ہے، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزمان کے گینگ کا مرکزی کردار بیرون ملک فرار ہے۔

فداحسین جانوری نے بتایا کہ ملزمان کو بیرون ملک سے آپریٹ کرنے والا مرکزی کردار ماضی میں لیاری گینگ وار کا حصہ رہ چکا ہے جب کہ گرفتار ملزمان بھی گینگ وار کا حصہ رہے ہیں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

مزید خبریں :