12 جنوری ، 2023
کراچی کے تینوں زونز میں پولیس نے بھکاری بچوں اور انہیں اس دھندے پر لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
جمعرات کی شام تک جاری کارروائیوں میں شہر بھر سے 100 سے زائد بچوں کو حراست میں لے کر شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت جاری کی گئی تھی۔
آج مختلف تھانوں کی پولیس نے شہر کے ٹریفک سگنلز، چوراہوں اور بازاروں میں کارروائیاں کرکے مختلف عمروں کے 100 سے زائد بچوں کو حراست میں لےکر تھانوں میں منتقل کیا، جنہیں بعد ازاں کورنگی میں قائم بچوں کے خصوصی شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کلفٹن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، طارق روڈ، بہادر آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، فیڈرل بی ایریا اور دیگر علاقوں میں پولیس کی بچہ بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں بچوں کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔