12 دسمبر ، 2012
کراچی…قومی ایئر لائن پی آئی اے سنگین مالی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے ملازمین کو دیے گئے تنخواہ کے چیک بینک نے واپس کردیے اور ڈیلی ویجزملازمین نومبر کی تنخواہ لینے پہنچے توبتایا گیا کہ پی آئی اے اکاوٴنٹ میں رقم نہیں جبکہ پی آئی اے کا16 ارب روپے کا پراویڈنٹ فنڈ کااکاوٴنٹ بھی خالی ہے اور پراویڈنٹ فنڈ کے چیک بھی بینک نے واپس کردیے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے ملازمین کو گزشتہ مہینوں میں تنخواہ پراویڈنٹ فنڈ سے نکلوا کردی گئی، پی آئی اے انتظامیہ نے غیرقانونی طورپرملازمین کے پراویڈنٹ فنڈکی رقم استعمال کی اور ملازمین کی تنخواہیں نکالنے کیلئے پراویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ سے اجازت بھی نہیں لی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ڈالراکاوٴنٹ میں صرف 16 ہزار ڈالر موجود ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کاک پٹ اورکیبن کریو کو اگست کے بعد سے الاونسز نہیں ملے۔ ترجمان پی آئی اے سلطان احمد کا کہنا تھا کہ ثبوت فراہم کیے جائیں تو معاملے کو دیکھاجائے گا تاہم جیونیوز کی جانب سے ثبوت فراہم کرنے پر ترجمان پی آئی اے نے کوئی جواب نہیں دیا۔