Time 20 جنوری ، 2023
پاکستان

ملیر پولیس مقابلے میں گرفتار ملزمان دہشتگردی کے مقدمے میں بھی مفرور نکلے

کراچی: ملیر پولیس مقابلے میں زخمی اور گرفتار ملزمان دہشتگردی کے مقدمے میں بھی مفرور نکلے۔

ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاون میں پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ملزمان سکیورٹی گارڈ کو زخمی کرنے اور انسداد دہشتگردی کے مقدمے میں مفرور تھے۔ 

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے گلستان سوسائٹی میں چیکنگ کے دوران پولیس نے ریلوے لائن کے قریب موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جان کر روکا تو ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

 پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ سے 2 ملزمان نعمت اللہ اور شہزاد عرف جانان زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور لوٹا ہوا سامان اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم نعمت اللہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے کورنگی کی عوامی کالونی میں دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ کو زخمی کرکے اس سے نائن ایم ایم پستول چھینا تھا۔

سکیورٹی گارڈ کی جانب سے سخت مزاحمت کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو شناخت کیا جا سکتا ہے جس میں گارڈ کے درمیان مقابلہ دیکھا جا سکتا ہے۔

اس واردات میں زخمی کیے گئے سکیورٹی گارڈ سے چھینا گیا نائن ایم ایم بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :