Time 20 جنوری ، 2023
پاکستان

ہاکس بے پر چینی باشندے سے کار سوار کی واردات، ملزم گرفتار، 8 لاکھ روپے اور سامان برآمد

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے ساحلی مقام ہاکس بے پر چینی باشندے کا سامان لے کر فرار ہونے والے کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر کے 8 لاکھ روپے، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان بر آمد کرلیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون عرفان بلوچ کے احکامات پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی شمائل ریاض ملک کی سربراہی میں تشکیل کردہ تفتیشی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندے سے چوری کی گئی رقم، لیب ٹاپ، موبائل فون اور دیگر کاغذات ملزم کی نشاندہی پر برآمد کر کے چینی باشندے کے حوالے کر دیے گئے۔ 

سپریڈنٹ پولیس انوسٹی گیشن ویسٹ کراچی کے مطابق چینی باشندہ مسٹر Gaoxiongiie نے 11 جنوری کو کراچی کے علاقے سی ویو سے ایک سفید کرولا کار بطور ٹیکسی بک کی تھی۔ چینی باشندہ مذکورہ کار میں تھانہ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے ساحل پر پہنچا اور سیر و تفریح کیلئے ساحل پر چلا گیا جبکہ ٹیکسی میں اپنا بیگ چھوڑ گیا۔

بیگ میں چینی باشندے کا ایک لاکھ روپے نقد، ایک لیپ ٹاپ، موبائل فون، پاسپورٹ، ویزا کریڈٹ کارڈ اور چائنیز شناختی کارڈ موجود تھے ، جسے نامعلوم ڈرائیور لے کر فرار ہوگیا تھا ،بعد ازاں ملزم نے چینی شہری کا کریڈٹ کارڈ استعمال کرکے 7 لاکھ روپے نکال لیے تھے۔

واردات کا مقدمہ الزام نمبر 07/2023 بجرم دفعہ 379 پر نامعلوم ملزم کے خلاف تھانہ ماڑی پور میں درج کیا گیا۔

تفتیشی ٹیم نے تکنیکی ذرائع کی مدد سے واردات میں ملوث ملزم قادر بخش ولد باسط کو گرفتار کیا۔

ملزم کو چینی شہری نے عدالت میں شناخت پریڈ کے دوران کامیابی سے شناخت کرلیا۔

چینی شہری نے چوری کیا گیا تمام سامان اور نقد رقم کی برآمدگی اور حوالگی پر سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور تعاون کو سراہا۔

مزید خبریں :