پاکستان
Time 01 فروری ، 2023

محمد زبیر نے شاہد خاقان کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کے ترجمان اور (ن) لیگ کے سینئر رہنما محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ میری پوزیشن بہت کلیئر ہے، مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں اور ڈار صاحب بہت سینئر ہیں، پارٹی کا گند پبلک میں ڈسکس کرنا نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، وہ پارٹی کے ورکر ہیں اور بڑے رہنما ہیں، مجھے نہیں لگتا نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے سے انہیں کوئی فرق پڑتا ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان بہت سینئر ہیں، نہیں خیال انہیں عہدہ چھوڑ کر ان کے قد میں کوئی فرق پڑتا ہے، وہ بڑے لیڈر ہیں وزیراعظم رہ چکے ہیں، پارٹی کو ان کے تجربے کی ضرورت  ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے بطور سینئر نائب صدر استعفیٰ دیا ہے جس کی تصدیق مریم اورنگزیب نے بھی کی ہے۔

حنا پرویز بٹ کا بیان

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی خبر کو جعلی قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں حنا پرویز نے لکھا کہ شاہد خاقان عباسی صاحب کے استعفے کے حوالے سے جھوٹی خبر پر جھومنے والے پی ٹی آئی والوں کے لیے عرض ہے کہ ابھی بھی وہ پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں۔

ساتھ ہی رہنما مسلم لیگ ن نے بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ اعلان ختم ہوا۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر تصدیق یا تردید نہیں کی۔

جیونیوز کے رابطہ کرنے پر شاہد خاقان عباسی نے اس پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر کسی میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی مریم نواز کو بغیر مشاورت پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے پر نالاں تھے اور انہوں نے اس فیصلے پر استعفیٰ اگلے ہی روز بھجوادیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مریم نوازکو پارٹی کا سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے اور ایسے میں میرا بطور سینئر نائب صدر کام کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا استعفیٰ اب تک منظور نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :