18 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں تین نام ایسے ہیں جن کے گزشتہ شب سے ہی سوشل میڈیا پر چرچے ہیں جن میں پشاور زلمی کے صائم ایوب، محمد حارث اور ملتان سلطانز کے احسان اللہ شامل ہیں۔
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے میچ میں سلطانز نے زلمی کو 56 رنز سے شکست دی تاہم پشاور زلمی کو مثالی آغاز فراہم کرنے والے محمد حارث نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ فاسٹ بولر احسان اللہ کی زیادہ گیندوں کا سامنا نہیں کرسکے۔
میچ کے بعد کی گئی پریس کانفرنس کے دوران جب حارث سے احسان کے حوالے سے کی گئی پلاننگ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ 'جس طرح بلے پر میری گیند آرہی تھی، شکر ہے احسان اللہ بچ گیا'۔
حارث نے کہا 'یہ احسان کی خوش قسمتی تھی، اسے میں بہت اچھی طرح سے سمجھتا ہوں، کے پی کے میں ہم ساتھ کھیلتے تھے، مجھے اس کا پتا ہے کہ وہ کب کون سی گیند کرے گا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اتنا تو مجھے پتا ہے، میں ویسے تو احسان اللہ کے لیے پلان کرکے آیا تھا لیکن بدقسمتی سے میں اس کی صرف دو گیندیں کھیل سکا'۔
اس کے علاوہ حارث نے زلمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کامران اکمل کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے میرا اسپنرز کے خلاف کھیل بہتر بنایا ہے۔
'خوشدل کے خلاف جو چھکا مارا، اس کا کریڈٹ کامی بھائی کو دوں گا'
اوپنر پشاور زلمی نے کہا کہ 'کامران بھائی نے میرے ساتھ کام کیا ہے اور اسپنرز کا سامنا کرنے میں مدد کی ہے، انہوں نے مجھے تین چار شاٹس سکھائے ہیں، ساتھ ہی یہ بھی سکھایا ہے کہ اسپنرز کے خلاف اپنے پیروں کو کس طرح استعمال کرنا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے خوشدل کے خلاف جو چھکا مارا، میں اس کا کریڈٹ کامی بھائی کو دوں گا، مجھے اب بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے'۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کھیلے جانے والے میچ میں محمد حارث نے 23 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ احسان اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔