Time 22 فروری ، 2023
پاکستان

ڈیجیٹل مردم شماری میں آن لائن خود شماری کا طریقہ کار کیا ہے؟ جانیے

خود شماری پورٹل میں ڈیٹا کے اندراج کا طریقہ کار کافی آسان ہے / اسکرین شاٹ
خود شماری پورٹل میں ڈیٹا کے اندراج کا طریقہ کار کافی آسان ہے / اسکرین شاٹ

ملک میں ساتویں مردم و خانہ شماری یکم مارچ 2023 سے شروع ہو گی جس کے لیے ٹیمیں ہر جگہ گھر گھر جائیں گی۔

مگر اس بار مردم شماری کے لیے آپ اپنے ڈیٹا کا اندراج خود آن لائن کر سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے 20 فروری کو وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق نے خود شماری پورٹل کا افتتاح کیا تھا۔

ڈیجیٹل مردم شماری کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے 3 مارچ تک آن لائن ہوگا، دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے 15 مارچ تک ڈور ٹو ڈور اور تیسرا مرحلہ 18 مارچ سے یکم اپریل تک ہوگا۔

ڈیجیٹل خود شماری پورٹل میں ڈیٹا کے اندراج کا طریقہ کار کافی آسان ہے جو درج ذیل ہے۔

1۔ سب سے پہلے آپ کو ویب براؤزر پر https://self.pbs.gov.pk/پر جانا ہوگا۔

2۔ اس ویب سائٹ کے اوپن ہونے کے بعد اوپر دائیں جانب رجسٹر کے بٹن پر کلک کریں۔

3۔ رجسٹر کے بٹن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو رجسٹریشن فارم بھرنا ہوگا۔

رجسٹریشن فارم ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ
رجسٹریشن فارم ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ

4۔ پھر ویب سائٹ پر لاگ ان کے بٹن پر کلک کریں اور وہاں موبائل نمبر اور پاس ورڈ کا اندراج کرنے کے بعد آپ کو ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) موصول ہوگا۔

او ٹی پی کا ایس ایم ایس ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ
او ٹی پی کا ایس ایم ایس ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ

5۔ لاگ ان ہونے کے بعد خاندان کے افراد کی تفصیلات جیسے نام، عمر، رشتہ، زبان، مذہب، تعلیم، ملازمت اور دیگر کا اندراج کرنا ہوگا۔

6۔ خاندان کے سربراہ کا نام سب سے پہلے درج ہوگا اور اس کے بعد ترتیب سے گھر والوں کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا۔

اس سیکشن میں خاندان کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا / اسکرین شاٹ
اس سیکشن میں خاندان کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا / اسکرین شاٹ

7۔ تمام تفصیلات درج کرنے کے بعد انہیں دھیان سے پڑھیں تاکہ کوئی غلطی نہ ہو اور اگر کچھ تبدیل کرنا ہو تو متعلقہ خانے پر کلک کریں۔

8۔ جب آپ تفصیلات کو جمع کرائیں گے تو سسٹم کی جانب سے پوچھا جائے گا کہ کیا آپ اسے جمع کرانا چاہتے ہیں تو یس پر کلک کریں۔

9۔ تفصیلات جمع ہونے کے بعد آپ کے موبائل پر ایک یونیک ٹوکن نمبر (یو ٹی این)  بھیجا جائے گا جسے محفوظ کرلیں۔

یو ٹی این ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ
یو ٹی این ایسا ہوگا / اسکرین شاٹ

10۔ جب مردم شماری کرنے والی ٹیمیں آپ کے گھر آئیں گی تو اس یو ٹی این نمبر سے آپ اور آپ کے خاندان کی تصدیق ہوگی۔

11۔ ڈیجیٹل خود شماری کی خاص بات یہ ہے کہ جو فرد جس شہر یا ضلع میں مقیم ہوگا، اس کا شمار اسی شہر کے رہائشی کے طور پر ہوگا، چاہے شناختی کارڈ پر مستقل پتہ کسی دوسرے شہر کا ہی درج کیوں نہ ہو۔

مزید خبریں :