Time 27 فروری ، 2023
کھیل

زلمی سے میچ سے قبل شاہین نے وقار یونس سے کیا کہا تھا جو پورا کر دکھایا؟

اگر بابر شاہین کی یہ گیند نہیں کھیل سکا، اس کا مطلب ہے کہ دنیا کا کوئی بیٹر شاہین کی اس گیند کا سامنا نہیں کرسکتا: وقار یونس—فوٹو: ٹوئٹر
اگر بابر شاہین کی یہ گیند نہیں کھیل سکا، اس کا مطلب ہے کہ دنیا کا کوئی بیٹر شاہین کی اس گیند کا سامنا نہیں کرسکتا: وقار یونس—فوٹو: ٹوئٹر

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے قبل قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے وقار یونس سے جو کہا وہ سچ کر دکھایا۔

گزشتہ شب لاہور اور پشاور کے درمیان شاندار مقابلہ ہوا جس میں قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، جواب میں پشاور  9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بناسکی اور یوں اسے 40 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے دوران کی جانے والی کمنٹری میں سابق بولر وقار یونس نے بتایا کہ میچ سے قبل میری شاہین سے ملاقات ہوئی جس میں اس نے کہا کہ وقار بھائی دیکھیے گا، آج میں 5 وکٹیں لوں گا۔

وقار یونس نے کہا کہ شاہین اپنے الفاظ پر قائم رہا اور اس نے 5 وکٹیں لے کر خود کو سچ ثابت کیا۔

وقار یونس کے اس بیان کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں اور صارفین شاہین کی بولنگ کو ہمیشہ کی طرح سراہ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ شاہین کی جانب سے بابر کی وکٹ لینے پر بھی وقار یونس نے تبصرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر بابر شاہین کی یہ گیند نہیں کھیل سکا، اس کا مطلب ہے کہ دنیا کا کوئی بیٹر شاہین کی اس گیند کا سامنا نہیں کرسکتا'۔

واضح رہے کہ کل کے میچ میں شاہین آفریدی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جن میں کپتان بابر اعظم سمیت محمد حارث، جیمز نیشم، وہاب ریاض اور سعد مسعود شامل تھے۔

مزید خبریں :