28 فروری ، 2023
دبئی میں اپنے والد کے قاتل کو گرفتار کروانے والی بہادر بیٹی ماہم امجد کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
دھمکیاں ملنے کے باوجود ماہم امجد انصاف کے حصول کیئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب اماراتی حکومت نے ماہم کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ابوظبی میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز نے کہا ہے کہ ملزم کی جلد پاکستان منتقلی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے والد کے قاتل تک پہنچنے والی ماہم امجد اب ملزم تقی شاہ کو پاکستان حکام کے حوالے کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ ملزمان پر مقدمہ چلے اورسزا ہو۔
پاکستان کی بہادر بیٹی نے والد کے قاتل کو گرفتار کروا کر بڑا کارنامہ سر انجام دیا۔ والد 2008 میں کراچی میں قتل ہوئے، 14 سال بعد دبئی میں بیٹی نے سوشل میڈیا پر قاتل کو پہچان لیا، شواہد جمع کیے اور دبئی پولیس کو اطلاع دی اور قاتل کو گرفتار کروا دیا۔
ماہم کہتی ہیں کہ والد نے دفتر میں اربوں روپے کی کرپشن پکڑی تھی جس پر ملزم تقی شاہ نے انہیں قتل کیا تھا۔
ماہم اب ملزم کو پاکستانی حکام کے حوالے کروانا چاہتی ہیں تاکہ ملزم پر پاکستان میں مقدمہ چلے۔
ماہم نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرادری سے بھی سوشل میڈیا پر رابطہ کیا جس کا وزیر خارجہ نے فوری ایکشن بھی لیا۔