09 مارچ ، 2023
لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پرپاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے معاملہ فل بینچ کو سماعت کے لیے بھجوا دیا اور کیس کی سماعت 13 مارچ کو ملتوی کردی۔
خیال رہےکہ 5 مارچ کو پیمرا نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر اور بیانات، براڈ کاسٹ اور ٹیلی کاسٹ کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
پیمرا نے احکامات دیے تھےکہ ٹی وی چینلز عمران خان کا براہ راست، ریکارڈڈ بیان اور تقاریر نشر نہیں کرسکتے۔
آج لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقریر اور بیانات نشرکرنے پر پیمرا کی پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کے بعد حکم کے لیےکیس التوا میں رکھ لیا تھا۔
درخواست پر وکیل پیمرا کا موقف تھا کہ یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، اس سے پہلے اسی نوعیت کا کیس پیرکو 5 رکنی بینچ سن چکا ہے، اس درخواست کو بھی 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دیا جائے۔