20 اپریل ، 2023
گوجرانوالہ کے بازار میں معمولی جھگڑے پر باپ اور بیٹے سمیت 3 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واہنڈو مین بازار میں تربوز بیچنے والے دو دکانداروں میں جھگڑاہوا، جھگڑے کے دوران باپ اور بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق افراد میں دکاندار ارشد، اس کا بیٹا نوید اور ایک ساتھی زبیر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تربوز بیچتے ہوئے دکاندار زاہد اور ارشد میں گزشتہ روز معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا تھا، آج دوبارہ جھگڑا ہوا تو زاہد نے تیز دھار آلے سے تین افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ وقوعہ کے بعد ملزم زاہد فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔