20 اپریل ، 2023
ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ایس ایس ٹی) ڈاکٹر جاوید اقبال نے شوال کے چاند کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کی بلڈنگ میں ہو گا جبکہ رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔
رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ موسمیات، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر ماہرین شریک ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، سورج گرہن کے سبب پاکستان سمیت مختلف ممالک میں چاند نظر نہیں آئے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں آج مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شوال کاچاند نظر آنےکا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر آئی ایس ایس ٹی ڈاکٹر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے، تمام پیرامیٹر بتا رہے ہیں کہ چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
ڈاکٹر جاوید اقبال نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ملک میں عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی۔