21 اپریل ، 2023
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف درج مقدمات کی چھان بین کیلئے قائم جے آئی ٹی کو تفتیش سے روکنے کی استدعا مسترد کردی تاہم جے آئی ٹی کی تفتیش کو عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور مسرت جمشید چیمہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔
فل بینچ نے حکم دیا کہ وہ جے آئی ٹی کو تفتیش سے نہیں روک رہے، جے آئی ٹی تفتیش جاری رکھےگی تاہم اس کی تفتیش عدالتی فیصلے سے مشروط ہوگی۔
اس سے پہلے فل بینچ نے وکلا کےدلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا،پی ٹی آئی کےوکلا نے نشاندہی کی کہ نگران حکومت کو جے آئی ٹی کی تشکیل کااختیار نہیں، مقدمات بدنیتی کی بنیاد پر قائم کیےگئے اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں جو اِن مقدمات میں شامل نہیں کی جاسکتیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ سماعت قرار دیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ کابینہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے اختیارات تفویض کیے تھے، ابھی تفتیش ہونا ہے مگرپی ٹی آئی نے شامل تفتیش ہوئے بغیرہی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔