24 دسمبر ، 2012
لندن…پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک میں جنرل پرویز مشرف کے طویل اقتدار کی وجہ نواز شریف ہیں،اگر وہ ملک چھوڑ کر نہ جاتے تو مشرف کا اقتدار اتنا طویل نہیں ہوسکتا تھا۔لندن میں فنڈ ریزنگ کی ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ لندن اور جدہ میں اپنی جلا وطنی کے دوران نواز شریف نے پرویز مشرف کے خاتمے کی تحریک کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں بھیجا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف غریب کارکنوں کو مشرف کے مظالم کا سامنا کرنے کیلئے چھوڑ گئے تھے۔ اگر وہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں ہی رہتے توپرویز مشرف اتنی دیر تک حکومت نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن ڈرگ مافیا، ٹیکس چوروں اور بے توقیر لوگوں کی جنت بن گئی ہے۔ اس کے علاوہ نواز شریف کارگل کی جنگ کے بارے میں لاعلم نہیں تھے بلکہ اچھی طرح جانتے تھے۔ یہ بات گوہر ایوب خان نے اپنی کتاب میں بھی لکھی ہے اور آج اسی گوہر ایوب ن لیگ میں خیر مقدم ہورہاہے ۔