30 اپریل ، 2023
گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے چار افراد کو اغوا کرنے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے دو کو زخمی کردیا جبکہ دو افراد اغوا کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے گڈو لنک روڈ پر کشمور کی جانب دودھ سپلائی کرنے والی گاڑی سے چار افراد کو اغوا کرلیا، مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کر دیا جبکہ دو افراد کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو تحصیل اسپتال اوباڑو کے بعد رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکو دو افراد کو اپنے ہمراہ اغوا کر کے کچے کی جانب فرار ہوئے تو پولیس نے تعاقب کیا اور مقابلے کے بعد ایک مغوی شہباز شاہ کو بازیاب کرالیا گیا جبکہ مغوی امداد بنگوار کی بازیابی کیلئے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔