04 مئی ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ اسپنر اور اپنے ڈائر یکٹر ندیم خان کو ملازمت سے فارغ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم خان کو منگل کو برطرفی کا خط جاری کیا گیا۔معین خان کے بڑے بھائی کی تقرری احسان مانی دو ر میں ہوئی تھی ۔
ندیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی رہ چکے تھے لیکن چند ہفتے قبل ان کی تنخواہ میں کمی کرکے ان کا تبادلہ ویمنز ونگ میں کردیا گیا تھا۔
ندیم خان چند ہفتوں سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ میں تھے۔عمران خان دور میں ڈومیسٹک سسٹم تبدیل ہونے کے بعد ندیم خان نے ملک بھر میں کوچز کی تقرری اور کئی اور اہم فیصلے کیے تھے۔
تاہم نجم سیٹھی دور میں ندیم خان کو سائیڈ لائن کر کے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے رکن ایزد سید کو قومی اکیڈمی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا کے بعد ندیم خان سابق دور کے دوسرے ڈائریکٹر ہیں جنہیں فارغ کیا گیا ہے۔
ندیم خان احسان مانی دور میں با اثر ڈائریکٹر تسلیم کیے جاتے تھے۔