Time 04 مئی ، 2023
پاکستان

’پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد بچے اسکول سے باہر اور بڑی تعداد میں غذائی قلت کا شکار ہیں‘

پاکستان میں عورتوں کی بڑی تعداد کو ملازمت کے مواقع حاصل نہیں ہیں/ قائم مقام ڈائریکٹر عالمی بینک: فائل فوٹو
پاکستان میں عورتوں کی بڑی تعداد کو ملازمت کے مواقع حاصل نہیں ہیں/ قائم مقام ڈائریکٹر عالمی بینک: فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی بینک نے ہیومن کیپٹل ری ویو ریسرچ رپورٹ کا اجرا کردیا۔

قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 30 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں اور پاکستان میں بڑی تعداد میں بچے غذائی قلت کا شکارہیں جب کہ  پاکستان میں عورتوں کی بڑی تعداد کو ملازمت کے مواقع حاصل نہیں ہیں۔

اس موقع پر وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ہم نے 1999 میں انسانی وسائل کیلئے جو اقدامات کیے وہ مارشل لاء حکومت میں ضائع ہوگئے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت نے 2013 میں انسانی وسائل کیلئے دوبارہ اقدامات شروع کیے، ہمارے دور میں ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تھا، رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کم ہوکر727 ارب روپے ہوگیا مگر ہمارا انفرااسٹرکچرغریب ترین ممالک کی طرح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط سیلاب سے قبل طے ہوئی تھیں، سیلاب کے بعد پاکستان ان میں سے کچھ شرائط پرعملدرآمد نہیں کرسکتا، آئی ایم ایف پروگرام کی عدم موجودگی سے غیریقینی صورتحال بڑھی اس کے علاوہ ملک میں توانائی کی قیمت کم کرنے اورغریب لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :