گرمیوں میں کن کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے؟

گرمیوں کے دوران کچھ کھانوں سے پرہیز کرکے آپ گرمیوں کو انجوائے کرسکتے ہیں ساتھ ہی جسمانی مسائل سے بھی بچ سکتے ہیں/فائل فوٹو
گرمیوں کے دوران کچھ کھانوں سے پرہیز کرکے آپ گرمیوں کو انجوائے کرسکتے ہیں ساتھ ہی جسمانی مسائل سے بھی بچ سکتے ہیں/فائل فوٹو

موسم سرما کو انجوائے کرنے کیلئے  خوب کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے کبھی سردیوں کی سوغات میوہ جات کھائے جاتے ہیں تو کبھی حلوے اور تلے ہوئے پکوان تیار کیے جاتے ہیں لیکن گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی چند کھانے ایسے ہیں جن سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔

گرمیوں میں زیادہ پسینہ آنے کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے اور طبعیت بھی سست رہتی ہے، ایسے میں آج ہم آپ کو چند ایسے کھانوں کے حوالے سے بتاتے ہیں جن سے  پرہیز کرکے آپ  گرمیوں کو  انجوائے کرسکتے ہیں ساتھ ہی  جسمانی مسائل سے بھی بچ سکتے ہیں۔

 کافی:

اگر آپ گرمیوں میں جسم میں پانی کی کمی سے بچنا چاہتے ہیں تو آپ کو کافی کا استعمال ترک کردینا چاہیے کیونکہ کافی جسم میں خشکی پیدا کرتی ہے  لہٰذا کافی کا انتخاب موسم گرما کیلئے مفید نہیں ہے۔ 

اچار:

گرمیوں میں دال چاول کی ڈش کا استعمال تقریباً ہر گھر میں ہی بڑھ جاتا ہے کیونکہ اسے کھا نے  کے بعد پیٹ بھاری نہیں ہوتا  اور دال چاول کے ساتھ اچار کا انتخاب  ذائقے کو مزید بڑھا دیتا ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے اچار میں موجود سوڈیم کی زیادہ مقدار آپ کے جسم میں پانی کی کمی کا باعث بن جاتی ہے۔

میوہ جات 

ماہرین گرمیوں میں میوہ جات کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ  میوہ جات جسم کے درجہ حرارت کو بڑھادیتا ہے جس کے باعث گرمیوں میں انسان خود کو  چڑچڑا اور تھکا ہوا محسوس کرنے لگتا ہے۔

سو فٹ ڈرنکس اور ملک شیک:

موسم گرما  کے دوران  جیسے ہی سورج  اپنی آنکھیں دکھاتا ہے تو لوگ بھی گرمی کا مقابلہ ٹھنڈے مشروبات ( سو فٹ ڈرنکس، ملک شیک اور دیگر مشروبات) سے کرنے لگتے  ہیں لیکن ماہرین کی جانب سے چینی سےتیار  مشروبات سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔

تلے ہوئے اور تیز مصالحے والے کھانے:

ماہرین طب کی جانب سے موسم گرما میں تلے ہوئے اور تیز مصالحے والے کھانوں کا استعمال ترک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ  کھانے جسم کے درجہ حرارت کو بڑھانے اور ساتھ ہی زیادہ پسینےکا سبب بھی بنتے ہیں جس سے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی واقع ہوجاتی ہے۔

مزید برآں  ایسے کھانے گرمیوں میں ہضم بھی دیر سے ہوتے ہیں جبکہ پیٹ خرابی کی وجہ بھی بنتے ہیں۔

مزید خبریں :