23 مئی ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے کھیل و سیاحت عون چوہدری نے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر و معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو بچانے کیلئے میں نے کسی قسم کی کوشش نہیں کی۔
عون چوہدری کا کہنا تھاکہ خدیجہ شاہ کی رہائی کیلئے مجھ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، وہ جہانگیر ترین کی بیٹی کےگھرکبھی نہیں گئیں۔
ان کا کہنا تھاکہ میرا اور جہانگیرترین کا مؤقف واضح ہے اور ہمارا مؤقف ہےکہ9 مئی کےواقعات میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ جنگ اور دی نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس حراست میں خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب کی مخبری پر پولیس نے گلبرگ میں جہانگیر ترین کی بیٹی مہر ترین کے اپارٹمنٹ میں چھاپا مارا لیکن پولیس والوں کی آمد سے چند منٹ قبل خدیجہ وہاں سے فرار ہوچکی تھیں۔
خدیجہ شاہ کو ریلیف دلوانے کے لیے جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، شہباز شریف کے پرانے دوست اور خدیجہ کے سسر سرمد امین نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سمیت مختلف بااثر شخصیات سے رابطے کیے لیکن کوششیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔