31 مئی ، 2023
پاکستان کی سمندری حدود سے گرفتار کیے گئے مزید 200 بھارتی ماہی گیروں کو کل شام 06 بجے کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی سے رہا کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں 200 بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کے بعد اب ان کا دوسرا بیچ اپنے وطن جانے کے لیے تیار ہے۔ سزا پوری ہونے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کے بعد 200 انڈین ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی کی خصوصی ہدایت پر ماہی گیروں کے کراچی سے لاہور تک کے سفر اور طعام کے انتظامات ایدھی فاؤنڈیشن ادا کرے گی۔
حسب سابق ایدھی فاؤنڈیشن کی ٹیم ہی بھارتی ماہی گیروں کو جیل سے کینٹ اسٹیشن کراچی پہنچائے گی جہاں سے علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور تک سفر کا بھی ایدھی فاؤنڈیشن نے ذمہ لیا ہے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن سے ماہی گیروں کو بس کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچایا جائے گا۔