10 جون ، 2023
خیبر پختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 34 افراد جاں بحق اور 150 کے قریب زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی 15 ہوگئی ہے جبکہ 100 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 42 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کرک میں گھروں کی دیوار گرنےکے واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لکی مروت میں جاں بحق ہونے والوں میں 3. بچے اور ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ڈی جی ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ڈی آئی خان میں بھی بارش سے بینظیر کالونی میں گھر کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بنوں میں آندھی، طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے 4 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع خوشاب کے شہر نور پور تھل میں آندھی اور بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، ادھر گوجرانوالا میں بھی آندھی طوفان کے باعث حادثات میں 10 افراد زخمی ہوئے۔
لاہور میں دن بھر حبس اور درجہ حرارت 46 جیسا محسوس ہونے کے بعد شام میں تیز آندھی اور بارش ہوئی، ہواؤں کی رفتار 111 کلو میٹر فی گھنٹہ رہی، تیز بارشوں اور آندھی سے لیسکو ریجن کے 80 فیڈرز ٹرپ کرگئے، خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ کھرڑیانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
پنجاب کے شہر میانوالی میں تیز آندھی اور بارش سے مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، اس کے علاوہ سرگودھا روڈ پر وانڈھی ابراہیم آباد کے قریب گھرکی دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوٹ حسن خان میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔
وزیر اعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے قیمتی جانوں کےنقصان پراظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہارہمدردی کیا اور این ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں اداروں کا ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی ہے اور امدادی سرگرمیوں اور نقصانات سے متعلق 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ کے پیش نظر بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔